کوئی میری الجھن دور کرے گا ...؟
...
تاریخ سبق سیکھنے کی چیز ہے...غلطیوں کے دھرانے سے بچنے کا علم ہے...سوال اٹھتے ہیں ..جواب نہیں ملتے...جواب موجود ہیں ، زبان پر مہر لگا دی جاتی ہے...
..سوچا نہیں جاتا؟.. نہیں جناب سوچ کے بھی پر کاٹ دئیے جاتے ہیں...جذبات نے تب بھی بینائی چھین لی تھی..آج بھی غداری کے فتوے لگ جاتے ہیں...نکل جاؤ پھر یہاں سے ، کی آوازیں سننا پڑتی ہیں...
دوقومی نظریہ جس کو اب نظریہ پاکستان بولتے ہیں...اس کی رو سے ہندوستان میں دو قومیں بستی تھیں...ایک ہندو دوسری مسلمان... مان لیا ! جی جان سے مان لیا...
مسلمانوں نے چاہا کہ ہم نے ان ہندوؤں کے ساتھ نہیں رہنا..ٹھیک ہے جی آپ کا حق ہے ، نہ رہیے...ہم نے الگ وطن لینا ہے...لے لیجئے...یہ مسلمانوں کا وطن ہو گا....کیونکہ ہم الگ قوم ہیں...بجا ارشاد ، ایسا ہی ہو گا
پھر الگ وطن بن گیا...اللہ اس کو سلامت رکھے ...لیکن جو مسلمان ہندوستان کی زمین میں رہتے تھے وہ کون سی قوم تھے؟....
میرا دماغ الجھتا ہے تو الجھتا ہی چلا جاتا ہے..کہ جب دیکھتا ہوں کہ مسلم لیگ اور کانگرس کی تقسیم کی منصوبہ بندی میں ان " اقلیتی" مسلمانوں کا ہجرت کرنا زیربحث ہی نہ آیا..انہوں نے وہیں رہنا تھا جہاں تھے..کیا مطلب..؟ پھر وہ کون سی قوم تھے؟...
قومیں تو دو تھیں مسلمان اور ہندو....
تو ملک مسلمانوں کے لیے بننے کا مطلب ہے کہ ہجرت ہوتی . اس پر بات ہوتی...اس کا پروگرام تشکیل دیا جاتا....سارے مسلمان ایک جگہ ہوتے...کہ ایک قوم جو تھے
اگر ہجرت نہیں ہونا تھا..ان کو وہیں رہنا تھا..تو وہ کون سی قوم ہوۓ؟.. چلتے چلتے بتا دوں کہ ان کی تعداد پچیس کروڑ ہے اور آپ بیس کروڑ...رہے بنگالی وہ اس کھیل سے کب کے نکل چکے کہ
آج اس نے اپنے درد بھی علحدہ کر لئے
آج میں رویا تو میرے ساتھ رویا نہ تھا
مسلم لیگ اور کانگرس دونوں کی قیادت نے عوام کو آگاہ نہ کیا کہ ہجرت کرنا ہو گی وطن چھوڑنا ہو گا..پھر تاریخ کا ایک اور بدترین قتل عام ہوا...دس لاکھ ! جی ہاں دس لاکھ مسلمان قتل ہو گئے..مغربی پنجاب میں بھی لاتعداد ہندو اور سکھ مارے گئے......مشترکہ ہندوستان کی سیاسی قیادت اور برطانوی حکومت اس قتل عام کی ذمہ داری سے کیسے بچ سکتے ہیں؟...
تاریخ اس کے مجرموں کا تعین کر چکی ہے..تقدیس کے پردے کتنی دیر ساتھ دیں گے؟
سب راز کھلنے کو ہیں...
میرا دماغ الجھتا ہی چلا جا رہا ہے..کہ چکر کیا تھا؟
تقسیم ہو گئی....تو کہا گیا کہ اب ہم سب پاکستانی ہیں ..کوئی ہندو نہیں ، کوئی سکھ نہیں کوئی مسلمان نہیں...فرقہ بازی کی باتیں نہ کی جائیں....واللہ تقریر موجود ہے...تو مسلمان قوم کہاں گئی...؟
اور ہندوستان کے مسمانوں کو کہا گیا کہ آپ وفادار بھارتی بن کر رہیے.. کہ اب آپ بھارتی شہری ہیں
.کیوں؟؟؟
وہ تو مسمان قوم " تھی" جو بقول آپ کے ہندوؤں کے ساتھ نہیں رہ سکتی......بتائیے ...کوئی میرے دماغ کو چٹخنے سے روکے..جواب دیجئے ...وہ ہندوؤں کے ساتھ کیسے رہیں؟؟؟؟
...
خدا کرے میری ارض پاک پر اترے
وہ فصل "عقل" کہ جہاں سوچنا وبال نہ ہو
.....................ابوبکر قدوسی

Post a Comment